اپنی ہوم کوکنگ کی ویڈیو شیئر کرتے ہوئے چکن سے مچھلی بنانے کا ذکر کرنے پر طنز و مزاح کا نشانہ بننے والی رکن سندھ اسمبلی شرمیلا فاروقی اس بار غلط شعر علامہ اقبال سے منسوب کرنے پر سوشل میڈیا کا موضوع بن گئیں۔
ماضی میں سیاست اور میڈیا میں فعال رہنے والی شرمیلا فاروقی شادی اور بچے کی پیدائش کے بعد قدرے خاموش رہیں تاہم اب ایک بار پھر وہ سوشل میڈیا اور دیگر سرگرمیوں کے ذریعے اپنی موجودگی کا احساس دلا رہی ہین۔
اسی دوران سوشل میڈیا صارفین کے ہاتھ ان کی ایک ویڈیو لگ گئی جس میں شرمیلا فاروقی ایک شعر پڑھتے ہوئے دیکھی اور سنی جا سکتی ہیں۔ ’دل میں خدا کا ہونا لازم ہے اقبال ۔ سجدوں میں پڑے رہنے سے جنت نہیں ملتی۔‘
انہوں نے اپنے انسٹاگرام اکاؤنٹ پر ویڈیو شیئر کرتے ہوئے اسے علامہ محمد اقبال سے منسوب کیا۔ اگرچہ بعد میں یہ ویڈیو ان کے اکاؤنٹ سے ڈیلیٹ کر دی گئی تاہم اس سے قبل ہی سوشل میڈیا صارفین اسے محفوظ کر چکے تھے جہاں سے یہ دوبارہ ٹائم لائنز کی زینت بن گئی۔
افشاں مصعب نامی ایک صارف نے ان کی ویڈیو شیئر کرتے ہوئے اپنے تبصرے میں لکھا ’اساتذہ کا پہلا سبق یہ ہوتا ہے کہ جس بات کی خبر نہ ہو اور جس معاملے پر دسترس نہ ہو اس میں خواری مول نہیں لینا چاہیے۔ اور گوگل پر اندھا اعتبار نہیں کرنا چاہیے۔۔ اقبال نوں بخش دیو لوکو۔‘
افشاں مصعب
@AfshanMasab
اساتذہ کا پہلا سبق یہ ہوتا ہے کہ جس بات کی خبر نہ ہو اور جس معاملے پر دسترس نہ ہو اس میں خواری مول نہیں لینا چاہیے۔ اور گوگل پر اندھا اعتبار نہیں کرنا چاہیے۔۔ #اقبال نوں بخش دیو پلیز بس کردیں.


